نئی دہلی،29/اکتوبر(آئی این ایس انڈیا) وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ دہلی کی عوامی بسوں میں خواتین کی طرح بزرگوں کو بھی مفت سفر کرنے کی سہولت دی جا سکتی ہے۔قابل ذکر ہے کہ قومی دارالحکومت میں خواتین کے لئے یہ خصوصیت بھیادوج کے دن منگل سے شروع ہوگئی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ منصوبہ معاشرے میں صنفی تعصب کو دور کر کے خواتین کو بااختیار بنانے میں مددگار ہو گی۔سفرمہنگا ہونے کی وجہ اسکول اور کالج کی پڑھائی درمیان میں چھوڑنے والی لڑکیوں اور خواتین کو اب ایسا کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔اب وہ اپنے اسکول اور کالج آنے جانے کے لئے بسوں میں مفت میں سفرکر سکتی ہیں۔اسی طرح سے جن خواتین کے دفتر دور ہیں انہیں نقل و حمل پر آنے والے اخراجات کی فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں سینئرز اور طالب علموں کے لئے بھی مفت بس سروس منصوبہ شروع کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ سارے کام ایک ساتھ پورے نہیں کئے جا سکتے۔لیکن ہم یقینا یہ کریں گے۔ہم نے پہلے خواتین کے لیے اسے شروع کیا ہے اور نتائج کی بنیاد پر ہم آنے والے وقت میں طالب علموں اور بزرگوں کے لئے بھی مفت بس سفر سروس شروع کریں گے۔عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر نے شہریوں کو اس قسم کی سہولیات فراہم کرنے کے منصوبوں پر اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے سوال کئے جانے کی مذمت کی اور کہا کہ کچھ چیزیں سیاست سے پرے ہوتی ہیں اور ان جماعتوں کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے۔ دراصل اگلے سال دہلی میں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں، ایسے میں اپوزیشن جماعتوں کا الزام ہے کہ آپ حکومت لوگوں کو لبھانے کے لئے مفت منصوبے لا رہی ہے۔ کیجریوال نے کہاکہ راجیو گاندھی (سابق وزیر اعظم) نے کہا تھا کہ لوگوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کیے جانے والے 100 روپے میں سے 85 روپے کرپشن کی نذر ہو جاتے ہیں اور عوام تک صرف 15 روپے ہی پہنچتے ہیں۔ہم ان 85 روپے کو بچا رہے ہیں اور دہلی کے عوام کو سہولیات دے رہے ہیں۔